اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) ویسٹ ایشیابیس بال کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔کولمبو میں کھیلے جارہے ایونٹ میں پاکستان نے سیمی فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دی، پاکستان نے روایتی حریف کو 2 کے مقابلے میں 13 پوائنٹس سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔یاد رہے کہ ویسٹ ایشیائبیس بال کپ 15 جولائی سے کولمبو سری لنکا میں شروع ہوا تھا، ٹورنامنٹ میں 6 ٹیموں نے حصہ لیا جن کو دو گرپوں میں تقسیم کیا گیا ، پاکستان کوگروپ بی میں ایران اور بنگلہ دیش کے ساتھ رکھا گیا جبکہ گروپ اے میں میزبان سری لنکا، بھارت اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں اور یہ ٹورنامنٹ 20 جولائی تک جاری رہے گا۔16 جولائی کو سری لنکا کا مقابلہ نیپال اور پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوا۔ 17 جولائی کو بھارت اور نیپال جبکہ ایران اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل آئیں ، 18 جولائی کو سیمی فائنل، پوزیشنز اور تیسری پوزیشن کے مقابلے کھیلے جارہے ہیں جبکہ فائنل 20 جولائی کو کھیلا جائے گا جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔