سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان میں دو کامیاب آپریشنز میں 2کمانڈروں سمیت 5دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا ۔علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے لنگر خیل میں قبرستان میں چھپایا گیا اور باجوڑ کی تحصیل ماموندگان مانٹرو کے جنگل میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔ اس میں شبہ نہیں کہ مارے جانے والے بڑے دہشت گرد تھے خصوصاً دہشت گرد کمانڈر سید رحیم کی ہلاکت علاقے میں قیام امن کے لئے نیک فال ہے۔وہ سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد حملوں میں ملوث اور وانا اور میر علی کے علاقوں میں خودکش بم مراکز کا سرپرست تھا۔ یہ ثبوت پایۂ تکمیل کو پہنچ چکا ہے کہ ٹی ٹی پی دہشت گرد تنظیم ہے اور دہشت گردی پھیلانے میں ملوث ہے۔ دہشت گردی کے سہولت کار بھی انہی علاقوں میں موجود ہیں جو انہیں پناہ گاہیں اور اسلحہ فراہم کرتے ہیں ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را واضح طور پر ان کی سرپرستی کرتی ہے۔ ان دہشت گردوں نے علاقے میں مختلف جگہوں پر اسلحہ اور گولہ بارود کے ڈھیر چھپا رکھے ہیں جنہیں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال کرتے ہیں۔ یقینا سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف ان کامیاب کارروائیوں سے علاقے کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں مدد ملے گی ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ علاقے میں نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھا جائے تاکہ علاقے سے تمام دہشت گردوں اور ان کے مشتبہ ٹھکانوں کا صفایا کیا جا سکے۔