ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ سے دہشت گردی کم ہوئی ہے۔ اب فوکس بلوچستان کی ترقی پر ہے۔ افواج پاکستان نے دنیا کے دشوار ترین محاذ جنگ پر بغیر کسی بیرونی مدد کے دہشت گردوں کو نہ صرف شکست فاش دی ہے بلکہ افغان سرحد پر موثر نگرانی اور باڑ لگا کردہشت گردوں کی ارض پاک آمدو رفت کے امکانات بھی مخدوش کر دیئے ہیں۔ یہ سکیورٹی فورسز اور حکومت کے عزم و استقلال کا مظہر ہے کہ گزشتہ دنوں قبائلی اضلاع میں پرامن اور شفاف انتخابات کا مرحلہ احسن انداز میں مکمل ہوا ہے ۔ قبائلی علاقوں میں امن مستحکم ہونے اور قبائلی عوام کے قومی دھارے میں آنے کے بعد بلوچستان میں سکیورٹی کے معاملات نہ صرف بہتر ہوئے ہیں بلکہ فراری کمانڈر زہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان میں سی پیک کے علاوہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس سے نہ صرف بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے گا بلکہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی و استحکام کے لئے مضبوط بنیاد بھی فراہم کرے گی۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو ڈی جی آئی ایس پی آر کا بلوچستان پر توجہ کا بیان لائق تحسین ہے۔ بہتر ہو گا سکیورٹی اداروں کے ساتھ سیاسی محاذ پر بھی حکومت بلوچ عوام کے تحفظات دور کرنے اور محرومیوں کے ازالے کے لئے مزید اقدامات کرے تاکہ بلوچستان اور بلوچ عوام پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔