وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی‘ جس میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سپورٹس ایسوسی ایشنز کے لیے گرانٹس کی منظوری دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑی تھی، انہیں اس بات کا یقین ہوا تھا کہ اب عمران خان کھل کر کھیلوں پر توجہ دیں گے۔ جس کے بعد ہم ایک بار پھر متعدد کھیلوں میں ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن بدقسمتی سے اڑھائی برس کاعرصہ گزرنے کے باوجود کھیلوں پر توجہ نہیں دی گئی،جس کے بعد ہر شعبہ کھیل سے وابستہ کھلاڑی مایوس نظر آتے ہیں۔ دیر آید درست آید ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اولمپک ایسوسی ایشن کے کھلاڑیوں کے لئے گرانٹس جاری کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور میں بننے والے سنٹرز کو جلد فعال کر دیا جائے گا جبکہ دیگر شہروں میں نئے سنٹرز بنائے جائیں گے۔ کھیلوں کے لئے یہ بات یقینی طور پر حوصلہ افزا ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ وہ پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں کو بھی کھیل دوست بنائیں۔ اس وقت ہمارے کھیل کے میدان ویران ہیں‘ ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، اس لئے کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ نسل نو بے راہ روی کا شکار ہونے کی بجائے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے معاشرے کا ایک اچھا شہری بن سکے۔