لاہور (سپورٹس رپورٹر) جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول دنگل وسیم گاڈی پہلوان نے جیت لیا ۔انہوں نے بلوچ پہلوان کو سخت مقابلے کے بعد چت کیا ،دونوں پہلوانوں کے درمیان کشتی 15 منٹ تک جاری رہی اور اس دوران دونوں پہلوانوں نے ایک دوسرے پر خوب دائو پیچ آزمائے تاہم وسیم گاڈی پہلوان پٹھابھولا سجن پہلوان شیر لاہور نے اپنے حریف بلوچ پہلوان کو ایک دائو کے نتیجے میں چت کرکے جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول دنگل جیت لیا ۔اصغرپہلوان اور شہزاد پہلوان نے منصف کشتی کے فرائض انجام دیئے ۔ شیر علی عرف ڈانو پہلوان دیگر پہلوانوں پر اپنی دھاک بیٹھا کر گرز جیتنے میں سرخرو ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق مشعل یوتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام جاری جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول میں دیسی کشتی کے ایونٹ میں لاہور ،شیخوپورہ، فیصل آباد ،سرگودھا، سیالکوٹ ،گوجرانوالہ، قصور، ساہیوال ،ملتان،ڈیرہ غازی خان اوربہاولپور سے تعلق رکھنے والے پہلوانوں نے شرکت کی۔ ٹائون شپ گرائونڈ میں تیار کئے جانیوالے خصوصی اکھاڑے میں منعقد ہونیوالے دیسی کشتی کے مقابلوں میں 30 پہلوانوں نے حصہ لیا۔ جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سلیم شاکر نے مہمان خصوصی معروف سیاسی وسماجی رہنمامیاں سعید ڈیرے والے اور انصاف اسپورٹس اینڈ کلچرل فیڈریشن پنجاب کے صدرمیاں جاوید علی کا پہلوانوں سے تعارف کرایا۔اس موقع پر مشعل یوتھ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل کاشف سجن بھی موجود تھے ۔ مختلف پہلوانوں کے درمیان لڑی جانے والی کشتیوں میں علی پہلوان نے ڈوگر پہلوان کو شکست دی۔گل شیر پہلوان نے نکے پہلوان کو چت کیا۔ہوگن پہلوان نے رشید پہلوان کو چت کیا۔ڈی جے پہلوان نے کمالو شیخوپوریا کو ہرایا۔شانہ پہلوان دلچسپ مقابلے کے بعد جاوید خرادیہ پہلوان کو چت کرنے میں کامیاب ہوئے ۔جمشید پہلوان پٹھاگوگا شاہیا والا اور موٹا پہلوان کے درمیان ہونیوالی کشتی پرابر رہی۔ٹائون شپ گرائونڈ میں ہونیوالے اس دنگل میں کشتی کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے تمام پہلوانوں کو بھرپور داد دی۔کشتیوں کے اختتام پر مہمان خصوصی معروف سیاسی وسماجی رہنمامیاں سعید ڈیرے والے اور انصاف سپورٹس اینڈ کلچر فیڈریشن پنجاب کے صدرمیاں جاوید علی نے جیتنے والے پہلوانوں میں انعامات تقسیم کئے ۔