لاہور، سیالکوٹ،لندن (سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی،ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے ، نا اہل حکمرانوں نے ریاست کی شکل تباہ کر دی،حکومت کے جانے کے دن آچکے ، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کے مخالفین کیخلاف سارے اقدامات بغض وانتقام کا شاخسانہ ہیں، عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل ر ہے ،ایف آئی اے کونیب بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے ۔ ن لیگ کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر قومی اسمبلی خواجہ آصف نے ڈسکہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ہر چیز مہنگی ہوگئی، نا اہل حکومت نے ریاست کی شکل تباہ کر دی،حکومت کے جانے کے دن آچکے ، حکومت سے نجات کیلئے ساری اپوزیشن کو ایک ایجنڈے پر اکٹھا ہونا پڑے گا۔ ترجمان (ن ) لیگ مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہایہ نواز شریف اور شہباز شریف سے خوفزدہ ہیں،عمران خان صاحب!ہم ہر عدالت سے بری ہوچکے ،آپ اپنا دل مضبوط رکھیں، جیل جانے کاوقت آچکا ہے ۔ صدر ن لیگ پنجاب رانا ثنائاللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت سے ان کے اپنے لوگ بھی تنگ ہیں ، ہم کسی امپائر کی اُنگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے ،نمبر گیم پوری کرلی ، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی ۔