خیبرپختوانخوا حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے مختلف محکموں کے لیے 79ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک فنڈز کے سوفیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف منصوبوں پر فنڈز کے استعمال اور درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے پر خصوصی توجہ د ی جائے۔ اس میں شبہ نہیں کہ گزشتہ مالی سال کے دوران خیبرپختونخوا میںترقیاتی فنڈز کے استعمال کی شرح کافی حد تک بہتر رہی تھی اور زراعت، آبپاشی اور محکمہ بلدیا ت کے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی تھی ۔ اب جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے بھی79ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجرا کیا گیا ہے تو ضرورت اس امر کی ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ترقیاتی فنڈز کے مکمل، بروقت اور صاف شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے اور ایسے منصوبوں کو بھی مکمل کیا جائے جو فنڈز کی کمی کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکے۔ کیونکہ ماضی میں بی آر ٹی منصوبہ محض فنڈز کے بروقت استعمال نہ ہونے کی وجہ سے بد انتظامی کا شکار ہوا،اس کی لاگت بڑھتی رہی اور اس کی تکمیل میںتاخیر ہوئی، لہذا تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو فوری طور پر شروع کریں ،اپنے فرائض ذمہ داری سے انجام دیں اور فنڈز کا سو فیصد استعمال کرکے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا ئیں۔