کوئٹہ،اسلام آباد(این این آئی، وقائع نگار خصوصی ) مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی تباہ کاریاں جاری ہیں جبکہ وزارت فوڈ سکیورٹی، محکمہ زراعت اور پاک آرمی کی مشترکہ ٹیمیں بھی مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کیخلاف سروے اور بھرپور کنٹرول آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل نے شمالی و وسطی بلوچستان کے کئی اضلاع میں تیار فصلوں اور باغات کو اجاڑ دیا ۔ کسانوں کے مطابق حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے جسکے باعث انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ، حکومت کسانوں کو ریلیف پیکیج فراہم کرے ۔دوسری جانب گزشتہ روز چاروں صوبوں میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 4161ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ 46 متاثرہ اضلاع میں محکمہ زراعت، فوڈ سکیورٹی اور پاک فوج کی 1100 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ابتک تقریباً 2.6 کروڑ ہیکٹر رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ 5245 مربع کلو میٹر رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے ۔نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 114935 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 2 اضلاع میانوالی اور ڈی جی خان میں 71 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا ، سندھ میں 3 اضلاع جام شورو، مٹیاری، حیدرآبادمیں 67 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا ۔خیبر پختونخوا میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 80580 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 7اضلاع ڈی آئی خان ،ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم اور خیبر میں 606 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ی آپریشن کیا گیا۔ بلوچستان میں 33 اضلاع میں 3417 ہیکٹر ایریا میں آپریشن کیا گیا ۔ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کیلئے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل سپرے بھی کیا جا رہا ہے ۔