لاہور(احتشام الحق) پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان طے شدہ شیڈول کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ اور ریزرو کھلاڑیوں کا پہلا کورونا ٹیسٹ آج ہوگا،یہ کورونا ٹیسٹ لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں ہوں گے ، کسی کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں اس کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا، پاکستان کرکٹ بورڈکے مطابق کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے اراکین کا کورونا ٹیسٹ ان کے متعلقہ شہروں میں ہو گا۔پی سی بی میڈیکل بورڈ نے سکواڈ کے ارکان کے ٹیسٹ کرنے کا انتظام کیا ہے ۔ ارکان اپنے اپنے شہروں میں کورونا ٹیسٹ کے لئے سیمپل دیں گے اور پرائیویٹ لیبارٹریز میں ٹیسٹ ہوں گے ۔ ان ٹیسٹوں کے نتائج ایک دن بعد مل جائیں گے جس کے نتائج کی روشنی میں جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نتائج منفی آئیں گے وہ لاہور میں 24جون کو رپورٹ کریں گے ۔ آج ریزرو کھلاڑیوں کے ٹیسٹ بھی ہوں گے تاکہ کسی اعلان کردہ کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شکل میں اس کا متبادل سکواڈ میں شامل کیا جا سکے ۔سکواڈ کے ہوٹل میں آنے کے بعد ارکان کے دوسرے ٹیسٹ لاہور میں 25 جون کو ہوں گے ۔دوسرا سیمپل دینے کے بعد سکواڈ کا کوئی رکن واپس گھر نہیں جا سکے گا بلکہ ہوٹل سے ہی دورہ کے لئے روانہ ہو گا۔ ان ٹیسٹوں میں کلیئر ہونے والے کھلاڑی ہی دورہ انگلینڈ کے لئے روانہ ہو سکیں گے جو 28جون کی صبح لاہور سے مانچسٹر کے لئے چارٹرڈ فلائٹ سے روانہ ہوں گے ۔ پاکستان ٹیم انگلینڈ پہنچ کر بھی دو ہفتوں تک قرنطینہ میں رہے گی۔ پی سی بی اور ای سی بی حکام کے درمیان مفاہمت کے مطابق قرنطینہ کے بعد سکواڈ کے ارکان کے انگلینڈ میں بھی کورونا ٹیسٹ ہوں گے جن مین کلیئرنس کے بعد کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے ۔