لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ جنوبی افریقہ کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان، عائشہ ظفر، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان اور نشرہ سندھو کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں واپسی، بیس جنوری سے تین فروری تک جاری رہنے والی سیریز میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، ویمنز سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے سترہ رکنی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔بسمہ معروف کی عدم دستیابی کے باعث قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت جویریہ خان کے سپرد کی گئی ہے ۔عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی نے بائیس سے یکم نومبر تک راولپنڈی میں جاری رہنے والی نیشنل ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کراچی میں لگاسئے گئے ہائی پرفارمنس کیمپ میں خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے بعد سترہ خواتین کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی۔ اعلان کردہ سکواڈ میں جویریہ خان (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنائ، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔