لاہور(سپورٹس رپورٹر )جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور ہوم ٹیم کو جیت کے لیے صرف 141 رنز کا ہدف دیا ہے ۔میچ کے آغاز میں ہی ان فارم محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے ، جبکہ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شرجیل خان صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔پاکستان ٹیم کی وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح گرتی رہیں اور کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔کپتان بابر اعظم نے 50 جبکہ محمد حفیظ نے 32 رنز کی اننگز کھلی جبکہ دیگر بیٹسمین میں حیدر علی اور حسن علی 12، 12 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لینڈے ور لزاد ولیمز 3، 3 وکٹیں لے کر پاکستان ٹیم کی تباہ کاری کا سامان بنے ۔وانڈررز پر آسان ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے ہدف 14ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔پروٹیاز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر آئیڈن مارکرم پاکستان کے لیے سردرد بن گئے جنھوں نے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عثمان قادر 2 وکٹیں حاصل کر سکے ۔ چار میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے ۔خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔