بخارسٹ( نیٹ نیوز،این این آئی) رومانیہ میں جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے 7 اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں،ہیلی کاپٹر لاپتہ لڑاکا طیارے کی تلاش کیلئے نکلا تھا، حادثہ بحیرہ اسود کے قریب خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔ بحیرہ اسود کے قریب پیش آنے والا یہ حادثہ رومانیہ کی حالیہ تاریخ کا بدترین فضائی حادثہ ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر مشرقی رومانیہ میں ایک لاپتہ لڑاکا طیارے اور اس کے پائلٹ کی تلاش کیلئے نکلا تھا جو گر کر تباہ ہوگیا۔رومانیہ کی وزارت دفاع نے ہیلی کاپٹر آئی اے آر 330 کو حادثے کے نتیجے میں 7 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں پانچ کریو ممبران بھی تھے جن میں سے دو بحریہ کے تیراک تھے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد بھی مگ 21 ائیرکرافٹ اور اس کے پائلٹ کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے ، لاپتہ جہاز کے پائلٹ نے خراب موسم کی اطلاع دی تھی جس پر اسے واپس بیس آنے کی ہدایت دی گئی لیکن پائلٹ واپس نہ آسکا جس کے بعد جہاز کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کیا گیا۔یورپی یونین کا یہ رکن ملک مشرق کی جانب نیٹو کا فرنٹ لائن اتحادی ہے ۔ رومانیہ سابق سوویت یونین کا حصہ تھا لیکن بعدازاں یہ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن بنا۔ اس ملک میں امریکہ نے بھی اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ یوکرینی مہاجرین پناہ لینے کیلئے اس ملک میں بھی داخل ہو رہے ہیں۔