عرفات، مکہ مکرمہ ( نیوز ایجنسیاں ) حجاج کرام نے حج کا ر کن اعظم وقوف عرفات ادا کرلیا، عازمین حج منی سے عرفات پہنچے اور رکن اعظم رقوف عرفات ادا کیا، اس موقع پر حجاج کرام نے رو رو کر دعائیں مانگیں، مغرب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ کیلئے روانہ ہوئے اور رات مزدلفہ میں گزاری، آج شیطان کو کنکریاں ماریں گے ، عرفات کے میدان میں حج کا خطبہ دیا گیا، شیخ عبداﷲ بن سلیمان نے عرفات کے میدان میں مسجد نمرہ میں وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد روح پرور خطبہ حج دیتے ہوئے کہا دنیا پر مشکلات اﷲ کا امتحان ہے ، اﷲ کے حکم سے ہی مشکلات آتی ہیں لیکن اﷲ نے کوئی ایسی بیماری نہیں دی جس کا علاج نہ ہو، کورونا اگر آزمائش ہے تو اﷲ تعالی ٰ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں، ہمارے گناہوں کی وجہ سے اﷲ کریم نے ہمیں آزما ئش میں مبتلا کیا، قرآن مجید میں ہے کہ معمولی مصیبت بڑے عذاب سے آگاہی ہے ، وبا میں زیادہ سے زیادہ صدقہ اور خیرات دیں، مسلمان خرافات سے دور رہیں، اﷲ قرآن میں عدل و انصاف کا حکم دیتا ہے اور برائی سے بچنے کا کہتا ہے ، اﷲ نے ارشاد فرمایا اگر اہل ایمان کے دو گروہوں میں لڑائی یا اختلاف ہوجائے تو آپ اس میں ثالث بن کر اسے ختم کریں کیونکہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، شیخ عبد اللہ نے کہا تقویٰ اختیار کرنے والے تنگ دستی سے دور رہتے ہیں، تم لوگوں کو تقوی کی نصیحت کی جاتی ہے ، آج بہت بڑی تعداد میں مسلمان اللہ کی تعلیمات سے غافل نظر آتے ہیں، دین میں کسی نئی چیز کی کوئی گنجائش نہیں، قرآن میں ہے کہ صبر اور نماز کے ذریعے اللہ کی مدد مانگو، اللہ تعالی تمہارے لیے مشکلات نہیں آسانیاں چاہتا ہے ، اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ، رشتہ داروں کے ساتھ صلح رحمی کے ساتھ پیش آؤ، حقداروں کا حق ادا کرو اور سیدھے راستے پر چلنے والے کے لیے ہی نجات ہے ۔ اﷲ تعالیٰٰ نے ارشاد فرمایا میری عبادت کرو اور میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو، اﷲ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺکو آخری نبی بنا کر بھیجا ، اﷲ اپنے بندوں کا امتحان لیتا ہے اور اگر وہ آزمائش میں پورے ہوجائیں تو اﷲ کی جانب سے انہیں نوازا جاتا ہے ، قرآن میں اﷲ نے ارشاد فرمایا کہ تم میری نعمتوں کو گننا چاہو تو گن نہیں سکتے ، لہٰذا ان نعمتوں پر اﷲ کا شکر ادا کرو ، مصائب اور مشکلات کا آنا اﷲ کے قرب کا ذریعہ ہے ، اس وقت معاشی طور پر مسائل اور شدائد کا سامنا ہے ، اﷲ نے سود کو حرام اور یتیم کا مال کھانے کو حرام کہا ہے ، کسی کا حق نہیں مارنا چاہیے ، ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ، اﷲ نے ارشاد فرمایا ، میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کیا جائے ، اس کے بعد والدین کا احترام کیا جائے ، حتیٰ کے ان کے سامنے اف تک نہ کیا جائے ، ان سے نگاہیں جھکا کر بات کریں، شیخ عبداﷲ بن سلیمان نے کہا مصائب کے باوجود سعودی حکومت نے حج کا انتظام کیا اور حاجیوں کو سہولت فراہم کی اور کوشش کی کہ مسلمانوں کو اس بیماری سے بچایا جاسکے ۔مشکلات دائمی نہیں اﷲ کا فرمان ہے ہر مشکل کے بعدآسانی ہے ۔اسلام کسی بھی قسم کے فتنے کو پھیلانے سے روکتا ہے ۔ حجاج آج منیٰ جائیں گے اور وہاں شیطان کو کنکریاں ماریں گے ، شیطان کو کنکریاں مارنے کو رمی جمرات کہتے ہیں، آج صرف ایک جمرہ کی رمی ہوگی، کل اور پرسوں تینوں جمرات کی رمی کی جائے گی۔ سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ کسی بھی عازمِ حج میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ، مکہ مکرمہ کے گورنر نے کہا اس سال محدود حج کے باوجود مختلف محکموں کے 40 ہزار اہلکار عازمین کی خدمت پر مامور ہیں۔حج و عمرہ زائرین کے لیے خصوصی ائرپورٹ بنانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے ، یہ خصوصی ائرپورٹ مکہ مکرمہ کے الفیصلیہ محلے میں قائم کیا جائے گا، ائرپورٹ میدان عرفات سے قریب ہوگا۔ اس مرتبہ کورونا وبا کے باعث لگ بھگ ایک ہزار عازمین حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں جن کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا ، سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہے اور 30 فی صد سعودی شہری ہیں۔