مکرمی!آپ کے موثر اخبار کے توسط حکام کی توجہ میڑو سٹیشن رحمان آباد راولپنڈی سے ملحقہ سڑک پر دلانا چاہتی ہوں۔ رحمان آباد سٹیشن کے قریب کئی سکول و کالجز موجود ہیں اور کئی طلبہ،طالبات اور اساتذہ کا ذریعہ آمد و رفت یہی میٹرو سٹیشن ہے۔ نادرا کا دفتر بھی اسی سڑک پر موجود ہے مگر بدقسمتی سے اس کی پارکنگ کو زنجیروں سے بند کیا گیا ہے اور نتیجتاً تمام گاڑیاں اور موٹر سائیکل چند فٹ کی سڑک پر کھڑے کرنا شہریوں کی مجبوری بن گیا ہے۔ سکول و کالجز کھلنے اور بند ہونے کے مصروف ترین اوقات میں جہاں مری روڈ کچھا کچھ گاڑیوں سے بھر جاتی ہے ویسے ہی سٹیشن سے ملحقہ سڑک پر بھی گاڑیوں کا رش ہو جاتا ہے۔ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے جہاں موٹر سائیکل اور گاڑیاں آدھی سڑک لے لیتے ہیں وہیں بمشکل سات فٹ سڑک رہ جاتی ہے جس سے بیک وقت دونوں اطراف سے گاڑیوں کو گزرنا پڑتا ہے۔ایسی صورتحال میں گاڑیاں تو کیا پیدل افراد کا بھی قدم بڑھانا محال ہو جاتا ہے۔ نہ ہی اس سڑک پر کسی قسم کا فٹ پاتھ موجود ہے،حتیٰ کہ گرین بیلٹ پر لگے پودے بھی کئی کئی مہینے صاف ستھرائی اور پانی سے محروم ہونے کی وجہ سے جھاڑیوں کا منظر پیش کرتے ہیں۔ میری اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ رحمان آباد سٹیشن سے ملحقہ سڑک پر پارکنگ کا موثر انتظام کیا جائے نیز پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔ (مناہل افتخار،راولپنڈی)