ماسکو،واشنگٹن(اے ایف پی ،نیٹ نیوز ،این این آئی )روس نے جوہری میزائلوں سے لیس فوجی مشقیں شروع کردیں جبکہ یوکرین سرحد کے قریب روس کے علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ یوکرین کی وزارت خارجہ نے روس پر ڈونباس میں سلامتی کی صورتحال کے متعلق بیان میں سختی سے تردیدکی ہے ،امریکی صدر جوبائیڈ نے کہا ہے کہ یقین ہے روسی صدر پوٹن نے یوکرین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے۔یوکرین کے وزیر داخلہ، ارکان پارلیمنٹ اور غیرملکی صحافیوں کے وفد پر سرحدی علاقے دونباس کے دورے کے دوران مارٹر گولے فائر کئے گئے ، یہ واقعہ باغیوں کے زیر قبضہ جمہوریہ ڈونیسک کے قریب پیش آیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علاوہ ازیں یوکرینی فوجی ترجمان نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں روس نواز باغیوں کی جانب سے گولہ باری کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب میونخ سکیورٹی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ یوکرین بحران عالمی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے ۔