وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شہریوں کی جانب سے محکمہ کی بہتری سمیت دیگر امور کے حوالے سے ملنے والی شکایات اور تجاویز پر عملدرآمد کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کر دی ہے۔ ریلوے کے سسٹم میں کافی خرابیاں ہیں۔ شہریوں کو آن لائن ٹکٹ کے حصول میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسٹیشنوں پر صفائی کا نظام ابتر ہے۔ مسافروں کے لئے انتظار گاہوں میں بیٹھنے کے لئے کوئی خاص انتظام نہیں جبکہ اکثر اسٹیشنوں پرواش رومز کی صفائی نہیں ہوتی۔ ایک تازہ مثال اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن کی ہے۔ جو سابق دور حکومت میں تعمیر کیا گیا لیکن ٹھیکیدار پیسے نہ ملنے کے باعث وہاں پر موجود فرنیچر اٹھا کر بھاگ لیا۔ ایسی اور بھی مثالیں ہونگی اکثر اسٹیشنوں پر پارکنگ کے مسائل ہیں۔ مسافر شکایات درج کراتے لیکن شکایات حل کی جاتی ہیں نہ ہی انہیں متعلقہ افسران تک پہنچایا جاتا ہے۔ جس کے باعث مسائل جوں کے توں رہتے ہیں اگر موقع پر موجود ملازمین سے شکایت کی جائے تو بات لڑائی جھگڑے تک پہنچ جاتی ہے سٹیشن پر موجود سائیکل اور موٹر سائیکل سٹینڈز پر بھی توں تکرار کے واقعات پیش آتے ہیں۔ اس لئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اگر شہریوں کی تجاویز کے مطابق مسائل حل کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں تو روزانہ کی بنیاد پر شکایات کا خود جائزہ لیں یا کسی سینئر افسر کی ڈیوٹی لگائیں تاکہ شکایات کے بعد کوئی نتیجہ سامنے آ سکے