دبئی(سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ اور بنگلہ دیشی آل رائونڈر محموداﷲ پر جرمانے عائد کر دیئے ، دونوں کھلاڑیوں کے کھاتے میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر لیا گیا ہے ۔ اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران بولٹ اور محموداﷲ دو الگ الگ واقعات میں آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے ، محموداﷲ نے آئوٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم کی طرف جاتے ہوئے غصے سے اپنا بلا جنگلے پر مارا تھا جبکہ بولٹ کو فیلڈ کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر سزا دی گئی۔