لاہور(سپورٹس رپورٹر، ڈیسک)عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کی نمبر ون پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ۔متحدہ عرب امارات میں کیویز کو 3 میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد قومی ٹیم کے 2 پوائنٹس مزید بڑھ گئے تھے جس سے پاکستان کے پوائنٹس 138 ہوگئے جبکہ بھارتی ٹیم نے اپنے پوائنٹس 127 کرلئے ، آسٹریلیا تیسرے ، انگلینڈ چوتھے ،نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر ہے ، جنوبی افریقہ چھٹی، ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں پوزیشن پر ہے ۔ آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی بھی ٹی ٹونٹی رینکنگ جاری کردی جس میں قومی ٹیم کے بلے باز بابراعظم بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔بابراعظم 858 ریٹنگ کے ساتھ ٹی ٹونٹی کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستانی اوپننگ بلے باز نے مجموعی طور پر سیریز میں 126رنز سکور کیے جبکہ سیریز میں 132رنز بنانے کی بدولت تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ 16 درجے ترقی کر کے 53ویں نمبر پر آ گئے ہیں، شعیب ملک بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔سیریز میں3-0 کی کلین سوئپ شکست کے باوجود نیوزی لینڈ کے کچھ کھلاڑی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کی بدولت اپنی انفرادی پوزیشن بہتر کرنے میں کامیاب رہے ۔کولن منرو ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تین درجے بہتری کے ساتھ 12ویں نمبر پر پہنچنے میں کامیا ب ہو گئے اور پانچ درجے ترقی روس ٹیلر کو 59ویں نمبر پر لے آئی۔قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ 16 درجے ترقی پا کر نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ پرفارمنس کے بعد رینکنگ میں 53ویں نمبر پر آگئے جبکہ فخر زمان پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔بولنگ کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں تین پاکستانی بولرز شامل ہیں جن میں شاداب خان دوسرے ، فہیم اشرف ساتویں اور عماد وسیم آٹھویں نمبر پر ہیں، بہترین بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان نمبر ون بولر ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان نے دو پوائنٹس کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا جب کہ گیارہ پوائنٹس کے فرق سے بھارت دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے ۔