مکرمی !اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری‘ہسپتال پر بمباری سے 800افراد شہید‘کئی زخمی‘ سکول پر بھی فضائی حملہ‘ اب تک ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گرایا جا چکا۔ دُنیا کی تمام امن پسند اقوام کے لیے غزہ میں عام شہریوں کی ہلاکت‘انسانیت سوز مظالم‘ شہری آبادی‘ ہسپتالوں میں بمباری‘ خوراک‘پانی کی بندش‘ نسل کشی پر شدید تشویش و اضطراب کا باعث ہے۔ اس ظلم و بربریت میں بتدریج متعدد علاقائی اور عالمی طاقتیں بھی شامل ہوچکی ہیں‘ لیکن اس کے نتیجے میں حالات سلجھنے کے بجائے مزید الجھتے چلے جارہے ہیں۔یہ مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال یہ مظلوم سرزمین ایک بین الاقوامی جنگ کا میدان بنتی نظر آرہی ہے۔ یہ اُمتِ مسلمہ کی حالت خطہ فلسطین تک محدود نہیں‘ بلکہ اس وقت عالم اسلام‘ غیر مسلموں کے زیر عتاب ہے۔موجودہ صدی میں امتِ مسلمہ سب سے زیادہ پریشان‘ مفلو ق الحال اور مصیبت سے دو چار شکست خوردہ قوم ہے۔ اس کا نہ کوئی یار ہے اور نہ کوئی مددگار‘یہ مظالم سہنے کی عادی ہوتی جارہی ہے۔ اس میں نہ تو مدافعت کی طاقت ہے اور نہ ظلم کے خلاف احتجاج بلند کرنے کی قوت‘ آج یہ قوم تخت مشق بنی ہوئی ہے۔ ( عابد ضمیر ہاشمی آزاد کشمیر)