لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی حکومت کی جانب سے سالانہ بجٹ میں کٹ لگانے کے باعث سپورٹس بورڈ پنجاب نے 150 ڈیلی ویجز ملازمین کو فارع کر دیا ہے ۔حکومت کی جانب سے ملازمتیں دینے کے نعرے لگائے جاتے ہیں مگر عرصہ داز سے کام کرنے والے ان ملازمین کو بے روزگار کر دیا گیا ہے ۔ملازمین نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ فارغ ہونے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ انہیں فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر بلاوجہ نوکریوں سے فارغ کیا گیا، گھر کی کفالت کیسے کریں۔ انہوں نے چیف جسٹس، وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلی سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب جاوید چوہان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بجٹ میں کمی کی گئی تھی جس کی بنا پر ہمیں ڈیلی ویجیز ملازمین کو فارغ کرنا پڑا ہے ۔