کھٹمنڈو( سپورٹس ڈیسک) نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے ہفتے کو جولین تھرو، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر لئے جس کے بعد پاکستان کے مجموعی طلائی تمغوں کی تعداد 24 ہوگئی۔نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں ہفتے کو پاکستان کا آغاز ایٹھلیٹکس میں ارشد ندیم کی تاریخی پرفارمنس سے ہوا۔ارشد نے چھیاسی اعشاریہ دو نو میٹر کی تھرو کرکے پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا اور بھارت کے نیرج کمار کا ریکارڈ بھی توڑا ۔پاکستان نے ریسلنگ کے مقابلوں میں بھی دو گولڈ میڈلز جیتے ۔ عنایت اللہ نے 70 کلوگرام جبکہ عبدالرحمٰن نے 79 کلوگرام ریسلنگ کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتے ۔ ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور نے 102 کلو گرام ویٹ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 330 کلوگرام کا ویٹ اٹھاکر گولڈ میڈل حاصل کیا۔عثمان نے اسنیچ میں 150 اور کلین اینڈ جرک میں 180 کلوگرام وزن اٹھایا۔ ریسلنگ میں زمان انور اور طیب رضا فائنل باؤٹس میں ناکامی کے بعد سلور میڈل کے حقدار قرار پاِئے ۔