لاہور ( سپورٹس رپورٹر) دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیاگیا ۔ قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کرائوڈ کے سامنے کھیلے گی ۔سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے ۔پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے ، ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں،سیریز کے لیے معیاری انتظامات کیے جائیں گے ۔ چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا نے کہاکہ ہم ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں اوریقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لئے یہاں کنڈیشنز سازگار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ سخت ہو گا، شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔دوسری طرف پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کو سابق ٹیسٹ کرکٹراقبال قاسم اورتوصیف احمد نے سکیورٹی اداروں اورپی سی بی کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے ۔۔سینئیر کرکٹرز کے خیال میں ہوم کراؤڈ اورہوم کنڈیشنز میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ٹیسٹ کرکٹر محمد سمیع کہتے ہیں اپنے لوگوں اور ہوم کراؤڈ کے سامنے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے ۔انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں ،ون ڈے کرکٹ کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ کا انعقاد پاکستان میں ہونے جارہا ہے ۔