راولپنڈی(رپورٹر 92 نیوز ) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 95 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ وائٹ واش مکمل کرلیا۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان 272 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی، قومی ٹیم دوسری اننگز میں 298 رنز پر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیاتا ہم مہمان پروٹیز ٹیم 274 رنز پر ہی ہمت ہار گئی ۔تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز حسن علی نے پہلے ہی اوور میں وین ڈر ڈسن کو 48 رنز پر بولڈ کرکے پاکستان کو کامیابی دلوائی اور پھر فاف ڈوپلیسی کو بھی 5 رنز پر پویلین واپس بھیج کر پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم کردی، ایڈم مارکرم اور ڈمبا باوما نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کی شراکت قائم کی۔مارکرم نے شاندار سنچری سکور کی تاہم نئی گیند ملتے ہی حسن علی نے مارکرم کو 108 رنز پر پویلین بھیج دیا اور اگلے ہی گیند پر کپتان کوئنٹن ڈی کاک کی بھی وکٹ لی۔مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر نے 17 رنز بنائے ۔میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسن علی نے 10 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا پہلی میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسری میں بھی 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلی اننگز میں 1 جبکہ دوسری میں 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ محمد رضوان کو مین آف دی سیریز جبکہ حسن علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ یاد رہے کہ 2007ء میں پاکستان کے دورے پر آئی جنوبی افریقہ کی ٹیم گرین شرٹس کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی تھی۔