لاہور(سپورٹس رپورٹر )بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اور شعیب ملک کو قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ‘ 39 سالہ محمد حفیظ اور 37 سالہ شعیب ملک مجموعی طور پر 200 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کے دوران دونوں سینئر کرکٹرز کے درمیان خصوصی مکالمہ ہوا۔اس موقع پر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر میچ کھیلنے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں واپسی "کم بیک" نہیں بلکہ وہ اسے اپنے کیرئیر میں ایک بار پھر "ڈیبیو" کے مترادف سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت کا معیار عمر نہیں بلکہ کارکردگی ہے اور وہ اسی بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں‘اس حوالے سے شعیب ملک نے کہا کہ وہ عمر کو صرف ایک ہندسہ سمجھتے ہیں اور اس تناظر میں ہونے والی تنقید سے فکر مند نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ وہ 2دہائیوں سے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔