کراچی (سپورٹس رپورٹر)سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کے دوسرے روز پہلی مرتبہ پروفیشنل مقابلوں میں انٹری دینے والے پی ایف اے کے احمد بیگ نے شاندار موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 7برڈیز کھیلتے ہوئے خود کو ٹائٹل کیلئے مضبوط امیدوار بنالیا ہے ۔پہلے دن مشترکہ طور پر دفاعی چیمپئن مطلوب احمد کے ساتھ پہلی پوزیشن کے ساتھ اختتام کرنے والے احمد بیگ نے دوسرے دن سکور ٹیبل پر پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی ،جونیئر امیچر میں ایم انصاف اور سینئر پروفیشنلز میں محمد اکرم نے ٹائٹل اپنے نام کرلئے ۔لیڈیز میں عانیہ فاروق نے پہلی پوزیشن پر جگہ بنالی ہے ، ان کے قریب دوسری پوزیشن پر تبسم شریف ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سندھ گالف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عربین سی کنٹری کلب کے دلکش گالف کورس میں جاری جوبلی جنرل انشورنس اکیسوین سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کا دوسرا دن ایمرجنگ ٹیلنٹڈ گالفر احمد بیگ کے نام رہا۔ پاکستان کے نوجوان گالفر احمدبیگ نے اپنی پروفیشنل انٹری میں دھاک بیٹھاتے ہوئے دوسرے دن کے اختتام پر11 انڈر پارکر133کا اسکور بناکر 7برڈیز کھیلتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ حاصل کرلیا۔ پی ایف اے کے احمد بیگ نے دوسرے دن موسم اور کنٹری کلب کے گالف کورس کا زبردست ایڈوانٹیج اٹھاتے ہوئے 66کے اسکور کے ساتھ کامیاب اختتام کرکے ٹائٹل کے لئے خود کو فیورٹس میں شامل کرلیا۔ ان کے قریب دفاعی چیمپئن لاہور جم خانہ کے مطلوب احمد نے دوسرے دن کا اختتام 7انڈر پار70کے اسکور بناکر اختتام 137کے اسکور پر کیا اور دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ پاکستان نمبرون گالفر اسلام آباد کے محمد شبیر اقبال اور شاہد جاوید خان نے 5 انڈر پار139 کے سکور کے ساتھ مشترکہ طور تیسری پوزیشن پر جگہ بنالی۔ محمد شبیر اقبال نے دوسرے دن 71اور شاہد جاوید خان بھی5 انڈرپارکر 70کے سکور کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔کراچی گالف کلب کے وحید بلوچ نے اپنے کھیل میں بہتری لاتے ہوئے دوسرے دن 4 انڈرپار70کا سکور بناکر مجموعی سکور 140 کرکے چوتھی پوزیشن پر جگہ بنالی۔ٹاپ ٹین میں ایم زبیر نے 4 انڈرپار69سکور بناکر 140 کرکے چوتھی پوزیشن وحید بلوچ کے ساتھ موجود ہیں۔کراچی گالف کلب کے امجد یوسف 3انڈر پار71سکور کرکے 141کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے خالد خان اور ذیشان خان 3 انڈر پار142 کے مجموعی سکور کے ساتھ چھٹی اور ساتویں پوزیشن موجود ہیں۔18ہول پر کھیلی گئی لیڈیز کیٹگری میں کراچی گالف کلب کی عانیہ فاروق نے پہلی ، تبسم شریف نے دوسری اور آمنہ عماد تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں، 18ہول پر کھیلی گئی چیمپئن شپ میں آج عانیہ فاروق اور تبسم شریف کے درمیان سخت معرکہ متوقع ہے ۔ 36 ہول پر کھیلی گئی سینئر پروفیشنل میں لاہور جم خانہ کے محمد اکرم نے 9انڈر پار 136کے سکور کیساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ امداد حسین نے 8 انڈر پار 136سکور کے ساتھ دوسر ی پوزیشن پر رہے ۔طاہر نسیم نے 3انڈر پار 141سکور کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔جونیئر کیٹگری میں عبدالودود اور ایم انصاف کے درمیان ٹائی ہوگئی جس کے بعد ایم انصاف کو 7 انڈر پر151سکور کیساتھ فاتح قرار دیا گیا۔ عبدالودو کو 7 انڈر پر 150سکور کیساتھ دوسری پوزیشن پر رہے ۔ محمد ثاقب 6انڈر پار151کے سکور پر تیسری پوزیشن پر رہے ۔ لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب آج ہوگی ۔