کراچی(سٹاف رپورٹر، اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی کا ماحول تیار ہے ،عوام صوبائی حکومت کی خراب کارکردگی ،بدعنوانی اور انتقامی کارروائیوں سے تنگ آچکے ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کے تسلسل کی وجہ سے عوام متبادل قیادت کے آپشن پر غور کررہے ہیں،سندھ میں گورننس کا فقدان ہے ،2023 کے انتخابات میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کو واضح اکثریت ملے گی، اپوزیشن جماعتوں کوسندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی نہ دینا افسوسناک ہے ،وفاق میں آوازاٹھاؤں گا،سندھ میں کئی سیاسی خاندانوں سے رابطے میں ہیں،جلد کئی اہم شخصیات ہمارے ساتھ ہونگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ اسمبلی کے دورے اوراپوزیشن چیمبرمیں تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی، خرم شیرزمان، بلال غفار اراکین اسمبلی،مخدوم زادہ زین حسین قریشی بھی موجود تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا مشکور ہوں،اراکین اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،کراچی کے لوگوں نے آپ پر اعتبار کیا،صوبائی حکومت میں آپ لوگ اپوزیشن میں ہیں،وفاق آپ کی جو مدد کرسکتا ہے کررہا ہے ،18 ویں ترمیم کا آپ سب کو اندازہ ہے ۔جمہوریت کا قاعدہ پڑھانے والے پہلے خود قاعدہ پڑھیں،میں سندھ کے قائد ایوان سے مطالبہ کررہا ہوں وہ اپوزیشن کو آئینی حصہ دیں،کمیٹیز میں اپوزیشن کو موقع دیا جائے ۔دریں اثناگورنر سندھ عمران اسماعیل سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔