پاکستان کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے اور ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ہیلی سکی مہم کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں سابق آسٹریلوی وزیر خارجہ، سپین اور اٹلی کے سابق وزراء اعظم سمیت 60 غیر ملکیوں نے شرکت کی۔ حکومت سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے چند ماہ قبل برطانوی شہزادے اور شہزادی کو بھی خاص طور پر مدعو کیا گیا۔ کسی بھی ملک کی سیاحت کیلئے وہاں کے پرکشش نظارے، بہتر سکیورٹی کی صورتحال اور رہائش کا سستا ہونا ضروری ہے۔ پاکستان میں پرکشش اور دلوں کو اپنی طرف کھینچنے والے نظارے جا بجا بکھرے پڑے ہیںجبکہ کے ٹو، نانگا پربت، کاشربرم ون، بروڈ پیک، کاشربرم ٹو، کاشر برم فور، دستاغل سر، کیونانگ چیش، ماشربرم اینٹوراسر جیسی دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیاں یہاں موجود ہیں۔ شمالی علاقہ جات، چترال، سوات، شوگران اور ناران سمیت کئی خوبصورت ترین جگہیں یہاں موجود ہیں۔ پاک فوج اور عوام کی بھرپور مالی اور جانی قربانیوںکے بعد سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے جس کو دنیا بھر کے سکیورٹی اداروں نے تسلیم کیا ہے۔ جبکہ دنیا بھر میں معروف میگزین ڈھاکہ ٹربیون نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کو رہائش کیلئے دنیا کا سستا ترین ملک قرار دیا ہے اسی طرح فوربز میگزین پاکستان کو سیاحت کے حوالے سے پہلے 10 بہترین ممالک میں سے 8 ویں نمبر پر شمار کر چکا ہے۔ اس لحاظ سے حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کا بھی سیاحت کے فروغ کیلئے اقدام کرنا نہایت احسن اقدام ہے۔