الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے اپنے اوپر کی جانے والی تنقید مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے تحت سینٹ انتخابات کے آزادانہ ‘ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے پوری طرح تیار ہے غیر ضروری بیانات سے الیکشن کمیشن کے آئینی فرائض اورغیر جانبدارانہ حیثیت کو متنازعہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے کسی بھی امیدوار کی انتخابات میں شمولیت میںممکنہ محرومی کے خدشہ کے پیش نظر کاغذات نامزدگی آج تک جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جہاں تک الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے وقت بڑھا دینے کے فیصلے کا تعلق ہے تو یہ جمہوری ملکوں میں کوئی انوکھی روایت نہیں ہے۔ ایسا فیصلہ الیکشن کمیشن خود اور سیاسی جماعتوں کی درخواست پر بھی کر سکتا ہے لہٰذا کسی بھی شک و شبہ میں مبتلا ہو کر بعض سیاسی جماعتوں کی طرف سے الیکشن کمیشن پر تنقید کرنا مستحسن قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جمہوریت کے استحکام کے لئے آئینی اداروں کا استحکام بھی ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے‘ اس کا احترام تمام سیاسی جماعتوں اور گروہوں کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ ہر آئینی ادارے کے اپنے فرائض ہیں‘ اسے علم ہے کہ اس نے انہیں کس طرح انجام دینا ہے لہٰذا سیاسی جماعتوں کوغلط فہمیوں کی بنا پر کسی آئینی ادارے کو متنازعہ بنانے سے پیشتر اس امر کا ادراک کر لینا چاہیے کہ ان کی تنقید سے جمہوریت اور ان اداروں کے استحکام کو گزند پہنچ سکتی ہے لہٰذا اس سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ جمہوری عمل احسن طریقے سے انجام دیا جا سکے ۔