لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹر عمر اکمل کی پابندی کی سزا کے خلاف اپیل کا فیصلہ پاکستان سپریم کورٹ کے سابق جج کریں گے ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر عمر اکمل کی اپیل کی سماعت کے لئے سپریم کورٹ کے سابق جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھرآزاد ایڈجیوڈیکٹر مقرر کر دیا ہے ۔عمر اکمل کو پی سی بی کے ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 مختلف اوقات میں 2 مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر 3 برس کی پابندی کی سزا سنائی تھی جسے عمر اکمل نے چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپیل دائر کی تھی۔کرکٹر عمر اکمل کے اپیل کرنے کے بعد پی سی بی چیئرمین نے قواعد و ضوابط کے مطابق آزاد ایڈجیوڈیکٹر کی تقرری کر دی ہے ، سپریم کورٹ کے سابق جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر عمر اکمل کی اپیل کی سماعت کریں گے ۔عمر اکمل نے معروف قانون دان بابر اعوان لا ایسوسی ایٹس کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں۔ ان کی اپیل کی سماعت کی تارِیخ کا فیصلہ ایڈ جیوڈیکٹر کریں گے جس کا اعلان بعد میں پی سی بی کرے گا۔یاد رہے کہ عمر اکمل کو پی ایس ایل فائیو کے آغاز کے روز 20 فروری کو معطل کیا گیا تھاجس کے بعد انہیں اینٹی کرپشن کوڈ 2.4.4 کی 2 مرتبہ خلاف ورزی پر نوٹس آف چارج جاری کیا کیا۔عمر اکمل نے معاملہ اینٹی کرپشن ٹریبونل میں لے جانے کی درخواست نہیں کی تھی جس پر پی سی بی نے معاملہ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین کو بھجوا دیا جہاں انہیں 3 برس کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی۔