آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لئے پاکستان کا غیر متزلزل عزم اور خدمت کا جذبہ بغیر ہچکچاہٹ کے قائم رہے گا۔پاکستان عالمی امن کے لئے اقوام متحدہ کے میثاق کا امین اور پاسبان ہے۔1960ء میں اپنا پہلا امن دستہ کانگو میں تعینات کرنے کے بعد سے گزشتہ 60برسوں سے پاکستان دنیا بھر کے 28ممالک میں 2لاکھ سے زیادہ فوج کے ساتھ 40مشترکہ امن مشنز میں حصہ لے چکا۔عالمی امن کے لئے پاکستانی فوج کے 24افسروں اور 157جوانوں کی شہادت کو اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان عالمی امن مشن میں خواتین آفیسرز بھیجنے والا واحد ملک ہے ۔ پاک فوج کی خواتین آفیسرز افریقی ممالک میں کورونا کی مریض خواتین کی خدمت انجام دے رہی ہیں۔ پاکستانی فوج کا عالمی امن کے لئے قربانیوں اور ایثارکے جذبہ کا ہی ثمر ہے کہ گزشتہ دنوں امریکی سنٹرل کمانڈ نے کانگو میں فرائض منصبی انجام دینے والی پاکستانی خاتون میجر سامعہ کے ٹویٹ کو آفیشل آئی ڈی سے ری ٹویٹ کرکے خراج تحسین پیش کیا تھا۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو آرمی چیف کا یہ کہنا بجا ہے کہ پاکستان کی عالمی امن سے وابستگی کی جڑیں قائد اعظم محمد علی جناح سے جڑی ہیں اور پاکستان عالمی امن اور خدمت کے جذبہ پر بغیر ہچکچاہٹ کے قائم رہے گا۔