میرپورخاص، کراچی (نامہ نگار،اے پی پی) صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم اس لئے نہیں لائی گئی تھی کہ لوگوں کا راستہ روکا جائے ،عمران خان بھی چاہتے ہیں کہ جب تک چاروں صوبے متفق نہ ہوں اس وقت تک کالا باغ ڈیم نہیں بنے ،پی ٹی آئی کی جدوجہد پاکستان کی معاشی بہتری کیلئے ہے ۔صدرڈاکٹرعارف علوی نے اپنے دورہ میرپورخاص کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تحریک انصاف اورحکومت کی جدوجہد لوگوں کو سستی تعلیم،صحت اوربہترمعاشی پالیسی دینا ہے عمران خان کوسندھ سے بہت محبت ہے ،عمران خان چاہتے ہیں کہ جب تک چاروں صوبے متفق نہ ہوں اس وقت تک کالاباغ ڈیم نہیں بن سکتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم نے حق و انصاف کی اصلاحات کیلئے بہت مشکل راستہ طے کرلیا ہے اگلے انتخابات میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی،اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں تعلیم اورصحت کی حالت بہت خراب ہے حکومت سندھ 18 ویں ترمیم کا غلط استعمال کررہی ہے ،جس اسمبلی نے پاکستان کے قیام کی قرارداد منظورکی اس میں آج قاتل بیٹھے ہیں۔دریں اثناصدر مملکت عارف علوی نے کراچی میں پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 34ویں انٹرنیشنل پاک آرتھوکون 2021 کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ڈاکٹروں کے بیرون ملک ملازمتوں کیلئے ملک چھوڑنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک میں صحت کے شعبے میں تقریبا 9ً لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے صحت ماہرین پر زور دیا کہ وہ طبی پیشہ ور افراد کی تربیت کے دورانیے کو کم کریں تاکہ عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ ڈاکٹروں اور نرسوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے ۔