ننکانہ صاحب (ڈسٹرکٹ ر پورٹر) جنرل الیکشن 2018 میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے تمام اہلکاران و افسران بروقت اپنی ڈیوٹی پوائنٹ پر پہنچ جائیں شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد اولین ترجیح ہے ۔ تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کااظہار ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضیاء الرحمن نے جنرل الیکشن 2018کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ضیاء الرحمن نے کہا کہ تمام انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ غیر جانبدار انہ اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور کی رہنمائی میں تمام تر انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ علاوہ ازیں بریفنگ میں بتایا گیا تمام تر ٹرانسپورٹ پر لیبل لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹ کے ذریعے الیکشن سامان کی پولنگ اسٹیشن تک ترسیل کا سلسلہ ایک روز قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ جبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے اہلکار بھی متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر انتخابات سے ایک روز قبل ہی موجود ہوں گے اور تمام عملہ و پولنگ اسٹیشنوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔