لاہور(سپورٹس رپورٹر ) کرکٹ سے حال ہی میں کنارہ کشی اختیار کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے بتایا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کرتے آئے ، اب میں مزید برداشت نہیں کرسکتا اور دونوں کی موجودگی میں ٹیم میں واپس نہیں آئوں گا۔ محمد عامر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وقار یونس نے گزشتہ روز کہا کہ میرے بیانات سے انہیں دکھ ہوا ہے ، مجھے خوشی ہے کہ انہیں کچھ احساس تو ہوا کہ کسی کے بیانات کسی کو تکلیف پہنچا سکتے ہیں۔ میں نے تو غلط کچھ نہیں کہا میں نے تو سچ بولا جس کا انہیں افسوس ہوا۔ نیوزی لینڈ سے شکست دونوں نے کورونا پر ڈال دی ۔ اپنی پرفارمنس کی بات کریں ۔انہوں نے کہا کہ کوچز میڈیا پر آکر کچھ اور کہتے ہیں جبکہ ان کے دل میں کچھ اور ہوتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جہاں تک صبر کی بات ہے تو مجھ سے بہتر صبر کرنا کوئی نہیں جانتا، میں نے کرکٹ کھیلنے کے لیے پانچ برس انتظار کیا ہے ، میں پانچ برسوں میں تب ہمت نہیں ہارا تھا جب میں بال کو ہاتھ نہیں لگا سکتا تھا اب میں کیسے ہمت ہار سکتا تھا کہ اگر پرفارم نہیں ہو رہا تو میں کرکٹ چھوڑ دوں۔