لاہور(کلچرل رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کے دوسرے رائونڈ کے آغاز سے 11سال بعد کوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ میزبان ٹیم سدرن پنجاب کے خلاف21 ستمبر بروز ہفتہ سے شروع ہونے والے 4 روزہ میچ کھیلے گی۔ میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا۔قائداعظم ٹرافی 2019-20 کے 4 میچز کوئٹہ میں شیڈول ہیں۔ سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان بگٹی سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ رواں سیزن کا پہلا مقابلہ ہوگا۔خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شائقین کرکٹ کا سٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔ ایونٹ کی ٹرافی بھی کوئٹہ پہنچ چکی ہے ۔پہلے رائونڈ کے اختتام پر سدرن پنجاب کرکٹ ٹیم کے 11 اور بلوچستان کے 7 پوائنٹس ہیں۔352 گیندوں پر 152 رنز بنانے والے امام الحق اور کپتان حارث سہیل کی عدم موجودگی میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت عمران فرحت کریں گے ۔