لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کے تیسرے روز ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان فائنل میں رسائی کی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی۔ سٹیٹ بینک سٹیڈیم کراچی میں سدرن پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے درمیان جاری میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے ۔ سنٹرل پنجاب کو دوسری اننگز میں 206 رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ اس کی 10وکٹیں باقی ہیں۔یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان اہم میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ میچ کے آخری روز خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 206 رنز جبکہ ناردرن کو 8وکٹیں درکار ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان کے 471 رنز کے جواب میں سندھ نے 5وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنالیے ہیں۔ سعود شکیل 151 اور خرم منظور 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔