جب انسدادپرتشدد انتہا پسندی بل 2023ء خوش قسمتی سے چند سینیٹرز کی بروقت مداخلت کے بعد ایوان بالا نے مسترد کر دیا تو وزیر قانون نے اس وقت دلچسپ عذر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بل کا مسودہ تیار کیا تھا۔ تاہم انہیں اب بھی جواب دینا ہوگا ۔اگرچہ چند جرات مند قانون سازوں نے اس بل کو روک دیا ہے، جس کا مقصد صرف اور صرف سیاسی استعمال تھا، لیکن حکومت اور اپوزیشن آفیشل سیکریٹ ایکٹ 2023ء میں ترمیم کو روکنے میں ناکام رہیں۔ تاہم یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا اس قانون سازی کے ذریعے پی ڈی ایم نے اپنے لیے سانس لینے کی گنجائش پیدا کی ہے؟۔ مگر سوال یہ ہے مستقبل کی سیاست اگر ہے تو، کتنی دیر تک! اقتدار کی خواہش کب تک اور کہاں تک ذاتی مفاد کے مطابق فیصلے اور قانون سازی کرواتی رہے گی جبکہ سیاسی قوتیں ایسے اقدامات کرتی ہیں تو وہ عوام کی دلچسپی اور حمایت کھو دیتی ہیں۔ مسلم لیگ ن کو خاص طور پر آئندہ انتخابات میں ایک ٹیسٹ کیس کا سامنا ہے۔ پارٹی نے پہلے انتخابی عمل میں داخل ہونے سے پہلے برابری کے میدان کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، اس کے بعد سے اس نے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کی مکمل حمایت کی اور اقتدار کے حاملین کی فرمانبرداری کے ساتھ خدمت کی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس سے مسلم لیگ ن کو کیا فائدہ ہوگا۔ ملک میں سیاست دانوں کو نشانہ بنانے کے لیے سکیورٹی سے متعلق قوانین کا غلط استعمال کرنے کی تاریخ رہی ہے۔ اسی خوف کی وجہ سے چند سینیٹرز نے ایوان بالا میں انتہا پسندی کے بل کو روک دیاتھا۔ سیاست دانوں کا ایسے معاملے پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا ایک نادر مثال ہے۔ تاہم، زیادہ تر معاملات میں، سیاست دانوں نے خوشی یا ناخوشی سے سکیورٹی سے متعلق قانون سازی کی حمایت کی ہے، یہاں تک کہ جب وہ جانتے ہیں کہ یہ قانون سازی ان کے خلاف بھی استعمال ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، جنوری 2015 ء میں، سینیٹ نے 21ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جس سے فوجی عدالتوں کے قیام کی اجازت دی گئی۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی پارٹی کے کہنے پر ووٹ دے رہے ہیں، ورنہ یہ ترمیم ان کے ضمیر کے خلاف ہوئی ہے، انہوں نے کہا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے لیے ووٹ دیتے ہوئے وہ اپنی زندگی میں اس سے زیادہ شرم سار نہیںہوئے۔ تاہم، سیاسی عملیت پسندی اس قدر جڑی ہوئی ہے کہ ایسی سمجھدار آوازیں بھی جب اپنا فائدہ دیکھتی ہیں یا سیاسی مخالفین قانون سازی کا نشانہ بنتے ہیں تو ہر پارٹی سمجھوتہ کر لیتی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ سکیورٹی سے متعلق قانون سازی کو وزارت قانون کی طرف سے پیشگی بحث یا ان پٹ کے بغیر اچانک پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہو۔ اس قانون سازی کا زیادہ تر حصہ نجی قانونی فرموں کو آؤٹ سورس کیا جاتا ہے اور پھر سکیورٹی اداروں کی طرف سے اس کی توثیق کی جاتی ہے۔ سلامتی سے متعلق بہت سے قوانین جو پارلیمنٹ کے ذریعے منظور کیے گئے ہیں، جیسے کہ تحفظ پاکستان ایکٹ، 2014ء اور فیئر ٹرائل ایکٹ 2013ئ، دونوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی حقوق کی قیمت پر بااختیار بنایا ہے۔ ایل ای اے مزید وسیع قانونی اختیارات کا مطالبہ کرتے رہتے ہیںاسی لئے حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے)، 1997ء میں متعدد بار ترامیم کیں۔ اس کے علاوہ دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی رفتار تیز کرنے کے لیے فوجی عدالتیں قائم کی گئیں۔ تاہم، ان قانونی اقدامات کو اب بھی دہشت گردی سے متعلقہ مقدمات میں بری ہونے کی بلند شرح سے نمٹنے کی ضرورت ہے، جو کہ ایک سنگین اورباعث تشویش صورتحال ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں جانتی ہیں کہ سکیورٹی سے متعلق مخصوص قوانین بالآخر ان کے خلاف استعمال ہوں گے، پھر بھی، وہ آگے بڑھ کر قانون سازی کرتی ہیں۔مثال کے طور پرقانون پر اے ٹی اے کے تحتکے اس قانون کے معمار سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت کئی سیاستدانوں اور سیاسی کارکنوں پر مقدمہ چلایا جا چکا ہے۔ 1999ء میں فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف نے اے ٹی اے میں دو ترامیم متعارف کروائیں اور نواز شریف پر قانون کے تحت فرد جرم عائد کرنے کے لیے سازش سے متعلق شقیں شامل کیں۔دوسری جانب سخت گیر ،فرقہ پرست دہشت گردوں کے مقدموں کی سماعت طویل التواء کا شکار رہی۔ بہت سے ملزمان جیلوں سے کام کرتے تھے، جیسے ملک اسحاق، جو کہ فرقہ وارانہ دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی کا بانی تھا۔ فرقہ وارانہ قتل کے 70 سے زائد الزامات میں 13 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنے کے بعد دسمبر 2014ء میں ضمانت پر رہا ہوا۔ اسے جولائی 2015 ء میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ ایک مقابلے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پاکستان کے اقتدار کے حامل افراد کا نقطہ نظر خود تضادات کا شکار ہے۔ ان کی 'اچھے' اور 'برے' عسکریت پسندوں کی پالیسی اسی نقطہ نظر کی مظہر ہے۔ یہ نقطہ نظر بین الاقوامی اور علاقائی دونوں طرح کی عسکریت پسند قوتوں پر لاگو کیا گیا ۔ اقتدار کے حامل افراد ملک میں سیاسی قیادتکے ساتھ ایک ہی طرز عمل کا اطلاق کرتے ہیں، ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف وہی قانونی شقیں استعمال کرتے ہیں۔ سیاق و سباق طے کرتا ہے کہ کس کو خطرہ سمجھا جاتا ہے اور کون نہیں۔ سیاسی جماعتیں اور قانون ساز بغیر کسی فائدہ کے اس قسم کی قانون سازی کریں اتنے بھی سادہ لوح نہیں ہیں۔وہ بدلے میں کچھ توقع کرتے ہیں۔ یہ ان کے حق میں مزید سیاسی انجینئرنگ یا پرائیویٹ بلوں کی منظوری ہو سکتی ہے۔ حکومتی بنچوں نے بھی انتہائی دائیں بازو کی مذہبی جماعتوں کے بل میں ترامیم کی حمایت کی۔ سینیٹ نے اہل بیت یا صحابہ کرام کی توہین کرنے والوں کی سزاؤں میں اضافے کے لیے تعزیرات پاکستان 1860 اور ضابطہ فوجداری 1898 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ ان ترامیم کو بغیر بحث کے منظور کر لیا گیا، جس سے خدشات پیدا ہوئے۔ اس طرح کی قانون سازی کے ملک میں امن اور ہم آہنگی کے لیے سنگین مضمرات ہیں۔ حیرت کی بات ہے کہ پارلیمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ نے دہشت گردی کی ایک نئی اور جامع قانونی تعریف تیار کرنے کے لیے 2019ء میں دیے گئے سپریم کورٹ کے مشورے کو قبول کرنا ہے۔ یہ واقعی ستم ظریفی ہے کہ ایک ایسا ملک جو دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اس اصطلاح کی صحیح تعریف کے بغیر وسیع قانون سازی اور وسیع پالیسیاں ہیں۔