پاکستانی ٹیم نے فخر زمان‘کپتان بابر اعظم اور حسن علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 28رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1سے جیت لی ہے۔ہماری کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ فیلڈنگ اور بائولنگ کمبی نیشن درست ہو اور کھلاڑیوں کو صلاحیت کی بنیاد پر منتخب کیا جائے تو پاکستان دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتائوں کی ٹیم سلیکشن میں ذاتی پسند اور ناپسند ہمیشہ ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے ،جس کی مثال دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم کا فاسٹ بائولر اسکواڈ بری طرح ناکام ہونا تھا، جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے وائٹ واش کر دیا اور سلیکشن کمیٹی مختلف حلقوں کی تنقید کی زد میں بھی البتہ جنوبی افریقہ کے دورہ کے دوران ٹیم سلیکشن میں احتیاط برتی گئی اور قومی ٹیم نے بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 80ون ڈے میچز ہوئے، جن میں سے پاکستان نے 29اور جنوبی افریقہ نے 50میچ جیتے، اسی طرح ٹی 20میں بھی پاکستان 6 کے مقابلے میں 14میچ جیت کر پاکستان سے آگے تھا مگر حالیہ دورہ میں فخر زماں اور بابر اعظم کی بہترین بیٹنگ اور شاہین شاہ کی یادگار بائولنگ کی وجہ سے پاکستان یہ سیریز 2-1سے جیتنے میں کامیاب ہوا ہے جو یقینا پاکستان کے لئے باعث فخر ہے ۔توقع کی جا سکتی ہے کہ قومی ٹیم مستقبل میں بھی اپنی شاندار فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔