لاہور(احتشام الحق) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل سکواڈ کے ارکان کا کورونا ٹیسٹ کرانے کے شیڈول میں ردو بدل کیا گیا ہے اور اب کوروناٹیسٹ سیمپل 20جون کی بجائے 22جون کو لئے جائیں گے تاہم ٹیم کی روانگی ممکنہ طور پر 28 جون کو ہی ہو گی جس کی انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے توثیق آج متوقع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کے پہلے ٹیسٹ کے لئے ان کے سیمپل 22جون کو لئے جائیں گے جس بارے انہیں مطلع کر دیا گیا ہے ۔ پی سی بی کے مطابق اعلان کردہ29کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے ۔ یہ ٹیسٹ ان کے اپنے شہروں میں ہوں گے جس کے لئے پی سی بی میڈیکل بورڈ نے لاہور، کراچی، پشاور اور راولپنڈی اسلام آباد میں انتظامت کئے ہیں۔ سکواڈ ارکان پہلے ٹیسٹ کے نتائج کی روشنی میں لاہور ہوٹل میں منتقل ہوں گے ۔ اس میں اگر کسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تو اس کے متبادل کو سکواڈ میں شامل کر لیا جائے گا۔ سکواڈ ارکان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ ہوٹل میں کیا جائے گا اور سیمپل دینے کے بعد سکواڈ ارکان کو گھر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔اور وہ انگلینڈ روانگی تک ہوٹل میں بائیو سکیور ماحول میں ہی قیام کریں گے ۔