اسلام آباد سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں غربت کے خاتمے کے لئے لائیو سٹاک سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ کے تین پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور ملکی برآمدات میں زراعت کا شعبہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ زرعی معیشت میں لائیو سٹاک اور ڈیری فارمنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ہماری دیہی آبادی کا ایک معتدبہ حصہ لائیو سٹاک اور ڈیری صنعت کے ساتھ وابستہ ہے۔ ماضی میں لائیو سٹاک کی ترقی کے لئے کوئی خاطر خواہ منصوبے نہیں بنائے گئے جس کی وجہ سے یہ شعبہ روبہ زوال ہوا اور ملکی برآمدات شدید طور پر متاثر ہوئیں۔ اب موجودہ حکومت نے زرعی و دیہی ترقی کے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔اس سلسلہ میں بہتر یہی ہو گا کہ لائیو سٹاک اور ڈیری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لئے کسانوں کو آسان بنیادوں پر قرضوں کے علاوہ انہیںفارمنگ سے متعلقہ دیگر سہولتیں اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے۔ لائیو سٹاک کے فروغ سے نہ صرف وافر مقدار میں خالص دودھ مہیا ہو سکے گا بلکہ گوشت کی پیداوار میں اضافہ سے برآمدات کو بھی فروغ دیا جا سکے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دیہات میں خاص طور پر زراعت کی ترقی کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ لائیو سٹاک فارمنگ کو بڑھاوا دینے کی سکیمیں بنائی جائیں جس کے ذریعے نہ صرف برآمدات بھی بڑھائی جا سکیں گی بلکہ اس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہو گا جو دیہی آبادی کی غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا۔