پورٹ ایلزبتھ(سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست کے بعد پاکستان کی نمبر 1 ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک کے لیے محفوظ ہوگئی ہے ۔ پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے ،جواب میں آسٹریلوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔ آسٹریلیا کو پاکستان سے ٹی ٹونٹی رینکنگ کی بادشاہت چھیننے کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کرنا تھا تاہم اب اسے دوسری پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا،اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ آسٹریلیا کا 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے ۔رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے 265 اور بھارت 264 پوائٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 262 پوائٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگئی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے 245 پوائنٹس ہیں جس سے وہ چھٹے نمبر پر موجود ہے ۔ افغانستان کا 236 کے ساتھ ساتواں ، سری لنکا کا 236 کے ساتھ ہی آٹھواں ، بنگلہ دیش کا 226 کے ساتھ نواں جبکہ ویسٹ انڈیز 223 کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے ۔