لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف آج کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کینبرا میں شروع ہوگا۔قومی ٹیم جیت کیلئے پرعزم ہے۔گزشتہ روز دفاعی چیمپئن آسٹریلین ویمنز نے الیزے ہیلی اور بیتھ مونی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں 86 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔ الیزے ہیلی نے 83 اور بیتھ مونی نے ناقابل شکست 81 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم 190 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ میگھن سکٹ نے تین اور جیس جوناسن نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، الیزے ہیلی نے 53 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے انفرادی 83 رنز بنائے اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بناکر بنگلہ دیشی ٹیم کو میچ میں کامیابی کیلئے 190 رنز کا ہدف دیا۔تاہم بنگلہ دیش ٹیم103رنز بنا سکی۔