لاہور(سپورٹس رپورٹر)کھیل کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کی وجہ سے باؤلرز کو باؤلنگ کے لیے تیاری میں دو سے تین ماہ لگ سکتے ہیں بصورت دیگر ان کی انجری کا خطرہ ہے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کی سرگرمیاں بھی مارچ کے ماہ سے منسوخ ہیں البتہ اب لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مختلف ملکوں نے کرکٹ کی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز پر غور شروع کردیا ہے ۔رواں ہفتے انگلش کرکٹرز انفرادی ٹریننگ شروع کر چکے ہیں اور عین ممکن ہے کہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے وہ اپنے سیزن کا آغاز کریں گے ۔ آئی سی سی نے خبردار کیا ہے کہ میچز کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں خصوصاً باؤلرز کو جسمانی طور پر خود تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ انجری سے بچ سکیں۔