کراچی(سپورٹس ڈیسک) متنازع ٹیسٹ لیگ سپنر اور سپاٹ فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کا سامنا کرنیوالے دانش کنیریا نے اعتراف کیا ہے کہ انگلش کاؤنٹی ایسسکس کیلئے کھیلتے ہوئے ساتھی کوکھلاڑیوں سپاٹ فکسنگ پراکسانے اور کھیل کو تنازعات میں ملوث کرنیکا اعتراف کرتا ہوں،دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ملک کو نہیں بیچا،میں نے پیسے نہیں کھائے اور اپنے عمل پر شائقین کرکٹ سے معافی چاہتا ہوں۔میرے کیس کو تروڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے ، نادانستگی میں غلطی کی جسے تسلیم کرتا ہوں ،خدارا میری کردار کشی نہ کی جائے ، میری پاکستان کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے ،میں نے سستی شہرت کیلئے کچھ نہیں کیا۔فاسٹ بولر محمد عامر کا براہ راست نام لینے سے گریز کرتے ہوئے دانش نے کہا کہ کچھ کرکٹرز نے ملک کو بیچا،پھر پاکستان ٹیم میں آئے اب وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لیکر بیرون ملک لیگز کھیل رہے ہیں،انکے مقابلے میں مجھے سے کیا سلوک ہورہا ہے ، میرے اہلخانہ کی مالی مدد کون کریگا،میں10سال سے بیروزگار ہوں،مجھ پر پابندی لگی تو میں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا لیکن جن کرکٹرز نے ملک کو بیچا وہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ میں مختلف عہدوں پر ہیں۔