کراچی (رپورٹ:ایس ایم امین) سکھر ڈویژن میں خانپورسے کراچی کینٹ تک 181 کلومیٹرریلوے ٹریک شدید متاثرہونے سے مسافر ٹرینوں کی رفتار120 کلومیٹرفی گھنٹہ سے کم کرکے 10 سے 60 کلومیٹرفی گھنٹہ کردی گئی،ٹریک کی مرمت نہ ہونے اور ٹرینوں کی رفتارکم ہونے سے 456 کلومیٹرسفرکا دورانیہ 10 گھنٹے کی بجائے 3 سے 4 گھنٹے مزید طویل ہونے سے 14 گھنٹوں پرمحیط ہوگیا،دھابیجی سے کراچی کینٹ تک کا سفرڈھائی سے تین گھنٹے میں طے ہوتا ہے ،کئی کئی گھنٹے تاخیرکا شکارٹرینوں کے مسافروں کواذیت ناک صورتحال سے بچانے کیلئے ریلوے انتظامیہ نے ایم ایل ون منصوبے تک موجودہ ٹریک کی مرمت پربے بسی کا اظہارکردیا،پاکستان ریلوے کے متعد ترین ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی اورسکھرڈویژن کے سفرمیں 56 مقامات پرریلوے لائن کی حالت خراب ہے جسکی وجہ سے حساس مقامات پرٹرینوں کی رفتارکم 10 سے 40 کلو میٹرفی گھنٹہ تک کردی گئی جس سے دونوں اطراف سفرکے دورانیہ بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ ٹریک کی مرمت کیلئے اقدامات بروئے کارلائے جائیں۔