مکرمی! مہنگائی اس وقت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ گزشتہ کئی سال سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے۔ روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ زندگی گزارنا دو بھر ہو چکا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے جو کہ اس وقت عروج پکڑ چکا ہے۔ حکومت کے حصول کی کشمکش کے سبب تضادات پیدا ہو رہے ہیں۔ جب ہر بار نئی حکومت نیا سیٹ اپ نفاذ العمل کرتی ہے تو گزشتہ حکومتی پالیسیوں کو رد کر کے اپنی حکمت عملی اپنانا چاہتی ہے جس وجہ سے پالیسی تصادم ہوتا ہے۔ بیروزگاری، مہنگائی سمیت ترقی کے راستے میں کئی روکاوٹیں کھڑی ہو جاتی ہیں۔ سیاسی عدم استحکام کے باعث آج بالخصوص غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کیلئے در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ گھروں میں فاقے ہیں۔ غربت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ آپ گزشتہ برسوں کا دور حاضر سے موازنہ کریں تو مہنگائی اور غربت کے اضافے کے ساتھ ساتھ جرائم میں بھی اضافہ ہوا ہے جوکہ اسی سیاسی عدم استحکام کا نتیجہ ہے۔ ریاست کی امن و سلامتی، ترقی و خوشحالی اور ریاست کو چلانے کیلئے سیاسی استحکام ضروری امر ہے۔ (ملک نعمان حیدرحامی،بھکر)