بہاولپور،نورپورنورنگا، ہارون آباد(نامہ نگاران، تحصیل رپورٹر) نادر مگسی دسویں بار چولستان جیپ ریلی کے چیمپئن بن گئے ، 14 ویں چولستان جیپ ریلی کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پری پیئرڈ کیٹگری میں نادرمگسی پہلے ، صاحبزادہ سلطان دوسرے اور زین محمودتیسرے نمبر پر رہے ، نادرمگسی نے چارگھنٹے 30 منٹ اور 35 سیکنڈ میں 466 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ،زین محمود نے چارگھنٹے 39 منٹ جبکہ صاحبزادہ سلطان نے چار گھنٹے اور42منٹ میں مقرر ہ فاصلہ طے کیا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر صاحبزادہ سلطان کو2منٹ کی پینلٹی لگی جس کی وجہ سے وہ تیسرے نمبر پر چلے گئے تھے ۔قبل ازیں صوبائی وزیرسیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے جرمن سفیر مارٹن کوبلر کے ہمراہ پری پیئرڈ کیٹگری کے فائنل مرحلے کاافتتاح کیا ۔ صوبائی وزیرنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ چولستان جیپ ریلی پاکستان کابہت بڑا سپورٹس ایونٹ ہے ،چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کوچاروں صوبوں تک وسعت دینے کیلئے ہرممکن اقدامات ومعاونت فراہم کی جائیگی۔دریں اثناء دل وش سٹیڈیم چولستان میں کلچرل نائٹ منعقد کی گئی ،تقریب میں صوبائی وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز،کمشنر بہاولپور نئیراقبال،جرمن سفیر مارٹن کوبلر، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی احمر ملک نے شرکت کی،اس موقع پر شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی،انتظامیہ کی جانب سے نصف گھنٹے تک آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیاگیا،بعد ازاں چولستانی گلوکاروں نے رات گئے تک محفل موسیقی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔