لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی انڈر۔ 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سندھ نے ناردرن کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ کے سپنرز عامر علی اور آرش علی خان نے مشترکہ طور پر میچ میں 18 وکٹیں حاصل کیں۔رانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری روز ناردرن نے 6وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 131 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سندھ کی جانب سے پہلی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے سپنرعامر علی نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔آرش علی خان نے میچ میں7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پہلی اننگز میں 16 رنز کے خسارے کے باعث سندھ کو دوسری اننگز میں جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا۔ اوپنر صائم ایوب کی نصف سنچری کی بدولت سندھ نے مطلوبہ ہدف 33ویں اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ صائم ایوب نے 11 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے ۔ پہلی اننگز میں ناردرن کے 220 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرسندھ کے اسپنر عامر علی کو مین آف دی فائنل کا انعام دیا گیا۔ایونٹ میں 166 رنز اور 24شکار کرنے والے ناردرن کے مہران ممتازکو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 433رنز اسکور کرنے پر سندھ کے بلے باز محمد طحہٰ خان کو ایونٹ کے بہترین بیٹسمین اور 35 وکٹیں حاصل کرنے والے سدرن پنجاب کے حارث جاوید کو بہترین باؤلر کا انعام دیا گیا۔وکٹوں کے پیچھے 25 شکار کرنے پر ناردرن کے رضا المصطفیٰ کو ایونٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔