لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سری لنکن ٹیم کا ٹی 20میں پاکستانی ٹیم کیخلاف وائٹ واش، کپتان سرفراز احمد پراعتماد کوبھی واش کرگیا،سرفراز احمد کی کپتانی پر سوالیہ نشان لگ گیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کی باتیں سامنے آنے لگیں۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی پر قومی ٹیم کا نیا کپتان بنانے کیلئے دبائو بڑھنے لگا۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی اظہر علی کے سپرد کئے جانے کا امکان ہے ۔قائد اعظم ٹرافی ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اظہر علی کی کارکردگی اچھی رہی۔قائدانہ صلاحیتوں کے بہترین اظہار پر اظہر علی کو بہتر چوائس سمجھا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق قومی ٹی 20کپ میں کھلاڑیوں کے علاوہ کپتانوں کی کارکردگی کا بھی بغور جائزہ لیا جائیگا۔یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ناکامی کے بعد ہونیوالی پریس کانفرنس میں بھی صحافیوں نے سرفراز سے ان کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے سوالات کئے تھے جس سے وہ غصے میں آگئے تھے تا ہم مصباح الحق نے انہیں ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی تھی ۔