اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار، 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے اور ان کی بیرون ملک روانگی میں پلیٹ لیٹس کی کمی آڑے آ گئی ہے ، ای سی ایل سے نام نہ نکالے جانے پرنوازشریف کی آج بیرون ملک روانگی ملتوی ہونے کا امکان ہے ،ذرائع کے مطابق اب نواز شریف کی کل یامنگل کوعلاج کیلئے بیرون ملک روانگی کا امکان ہے ۔ ادھرنیب نے سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غیر مشروط طور پر مثبت جواب دینے سے انکار کردیا اور کہاہے نام نکالنے کیلئے مضبوط شواہد ہونے چاہییں۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق نیب نے وزارت داخلہ کولکھے گئے جوابی خط میں کہا ہے کہ قانونی رائے کے لئے وزارت قانون سے رابطہ کریں، مجرم نوازشریف کے خلاف متعدد مقدمات زیرالتواہیں،غیرمشروط طورپر مثبت جواب نہیں دے سکتے ، میڈیکل رپورٹ نیب کو فراہم کی جائے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق جب تک نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں توازن نہیں آتا وہ فضائی سفر نہیں کرسکتے ، شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے مسئلے کے حل کے لیے سر جوڑ لئے ۔سفر کے لیے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 سے 60 ہزار ہونا لازمی ہے ،اس حوالے سے بیرون ملک ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ این این آئی کے مطابق سابق وزیر اعظم کوبیرون ملک لے جانے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں،قطر سے ائیر ایمبولینس منگوانے کے لئے بات چیت بھی کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور شریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روزبھی نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد اچانک کم ہوکر18ہزار پر آگئی ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف ایئرایمبولینس کی بجائے کمرشل طیارے سے پیرکی صبح 9بج کر5منٹ پر لندن کیلئے روانہ ہونگے ،نوازشریف قطرایئرویزکی پروازکیوآر629سے لندن جائینگے ۔نوازشریف،شہبازشریف اورڈاکٹرعدنان کی ٹکٹیں بک کرالی گئیں جن پرواپسی کی تاریخ 27نومبردرج ہے ۔ادھرسروسزہسپتال میں حکومت کی ہدایت پر سرکاری میڈیکل بورڈکاہنگامی اجلاس ہوا،ذرائع کے مطابق بورڈنے نوازشریف کی صحت تشویشناک ہونے کی رپورٹ دیدی اور کہاجینیٹک ٹیسٹ کی سہولت پاکستان میں نہیں۔