لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کی سی ای او رافعہ حیدر کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی نے مون سون بارشوں کے حوالے سے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی رسپانس پلان تشکیل دے دیا ہے۔صوبائی دارالحکومت میں مون سون کے سیزن میں بارش کے دوران شہر کی گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگتے ہیں،ہر سال بارش کے دوران لگ بھگ تمام بڑی شاہراہوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے۔ اس سے مفر نہیں کہ لارنس روڈ پر زیر زمین پانی کے بڑے ٹینک بنانے کے بعد اس سڑک پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں رہتی مگر رہی سہی کسر باقی شاہراہوں پر ٹریفک جام سے نکل جاتی ہے۔بارش کے دوران نکاسی آب میں بندش کی وجہ اول تو سیوریج لائنز کاچوک ہونا ہے، دوسرے شہر میں نکاسی آب کے نالوں پر تجاوزات اور پلاسٹک بیگ اور کچرے کی وجہ سے نکاسی کا معطل ہونا ہے،جس کی وجہ سے سیوریج کا پانی ابل کر سڑکوں پر کئی کئی روز تک شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔مون سون میں تو پھر بھی بارشیں زیادہ ہوتی ہے یہاں تو چونگی امرسدھو کے شنگھائی روڈ پر عام دنوں میں بھی سڑک کے دونوں اطراف گندے پانی سے تعفن معمول بن چکا ہے ،جس کی وجہ شنگھائی پل کے قریب پلاسٹک بیگز اور کچرے کا جمع ہونا ہے ۔بہتر ہو گا ایل ڈبیلو ایم سی انتظامیہ شہر کے دیگر برساتی نالوں کی صفائی کے ساتھ امر سدھو شنگھائی روڈ کے نالے کی صفائی کا معقول بندوبست کرے تاکہ نکاسی آب بحال ہو اور برسات میں شہریوں کو اذیت سے محفوظ رکھا جا سکے۔